ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل تنظیم میں سشی کمارسینتھل اور جیگنیش میوانی کاخطاب: ملک کی سالمیت اور یک جہتی کو مضبوط کرنے متحدہ طور پر جدوجہدکرنے پردیا زور

بھٹکل تنظیم میں سشی کمارسینتھل اور جیگنیش میوانی کاخطاب: ملک کی سالمیت اور یک جہتی کو مضبوط کرنے متحدہ طور پر جدوجہدکرنے پردیا زور

Sat, 06 Feb 2021 20:59:30    S.O. News Service

بھٹکل:6؍فروری (ایس اؤ نیوز) حکومتی نظام میں تین عہدے بہت ہی اہم مانے جاتےہیں،ڈی ایم، سی ایم اور پی ایم ( یعنی  ڈسٹرکٹ میجسٹریٹ،چیف منسٹر اور پرائم منسٹر)۔ اور کسی بھی حکومتی  پالیسیوں کےنفاذ میں ان کا بڑا اہم رول ہوتاہے۔ میں نے اپنے ملک کی خیر خواہی چاہتےہوئے اس کی سالمیت اور یک جہتی کی جدوجہد میں شریک ہونےکے لئے بطور احتجاج اپنے ڈی سی کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ گرچہ لوگ اس کو بڑی قربانی کہہ رہےہیں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ  میں نے کوئی قربانی دی ہے۔ اصل میں میں نے  صحیح  وقت میں  استعفیٰ دیا کیونکہ میں  حکومتی پالیسیوں سے مطمئن  نہیں تھا اور میرا ضمیر نہیں مان رہا تھا کہ میں اُن پالیسیو ں کو لاگو کروں، یہی وجہ  ہے کہ  میرا   احتجاج کرتےہوئے  استعفیٰ دینا ضروری تھا  اس لئے  میں نے اپنی طرف سےجو ہوسکتا تھا وہ کیا۔ ان باتوں کا اظہار  منگلور و کے سابق ڈپٹی کمشنر ششی کمار سینتھل کیا۔ بھٹکل کے مشہور سماجی و سیاسی ادارہ  مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خوابوں کے بھارت کی تعمیر کو لےکر کہاکہ اس وقت ملک میں  جو نفرت ا درشمنی کا بازار گرم ہے اس سے  ہمارے ملک کے لئے خطرہ درپیش ہے اس کے بالمقابل ہمیں تعمیری و مثبت سوچ اور خیر سگالی کے جذبے کے ساتھ کام کرنا ہے۔ تاکہ ملک کی سالمیت، بھائی چارگی اور یک جہتی کو مضبوط کیا جاسکے ۔ اس کے لئے ہم سب کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔

سابق آئی اے ایس آفیسر نے فاشسزم کی پول کھولتےہوئےکہاکہ جس جگہ بھی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں پر ظلم ڈھایا جاتا ہے وہ فاشسزم کی ہی ایک علامت ہے۔ پروپیگنڈہ ان کا اہم ہتھیار ہوتاہے۔ فاشسزم اپنے قدم جمانے کےلئے سب سےپہلے  ان ہی  اشتہاری ادار وں کو کنڑول کرنے کی کوشش کرتےہیں جیسے  اخبارات، چینلس وغیرہ کو اپنے بس میں کرلیتے ہیں۔ پھر اس کے ذریعے عوام کی ذہنیت کو بدلنے اور ان کو ہمنوا بنانے میں مصروف ہوجاتےہیں۔اس وقت ملک میں ہم سب کچھ ایسا ہی دیکھ رہےہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج جو کچھ بھی ہورہاہے وہ صرف فرقہ پرست سیاست کی بازیگری نہیں ہے بلکہ 1947میں ہم نے  جو بھارت بنایاتھا اس بھارت کو بدلنے کےلئے کی جانے والی سازش ہے۔ وہ کسی بھی دین دھرم کے ماننے والے ہوں لیکن ان میں کچھ ایسے ہیں جو بھارت کو بگاڑنا چاہتےہیں۔ انہوں نے دستورکی اہمیت سمجھاتےہوئے کہاکہ آج ہم جو آزادی کے ساتھ زندگی جی رہے ہیں وہ سب ہمارے ملک کے دستور کی دین ہے۔دستور نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے  اب  ضرورت ہے کہ ہم بھی اپنے دستور اور ملک کے لئے کچھ کریں ۔ اگر آج  ہم نے نہیں کیاتو ہماری نسل ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ جس آزاد فضا میں ہم جی رہےہیں وہ ہماری نسل کے لئے میسر نہیں ہوگا تو ہمارے بچے ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے بھٹکل آنے کا مقصد واضح کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں اب اپنی آواز دور دور تک پہنچانے کے لئے ایک میڈیا کی سخت ضرورت ہے، جس کو شروع کرنے کے لئے ہم لوگ کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔

گجرات کے رکن اسمبلی جگنیش میوانی نے اپنے خطاب میں کہاکہ فاشسزم کی طرف سے پھیلائےجارہے جھوٹ کا سامنا کرنے کے لئے ہم سب کو بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کسانوں کے جاری احتجاج کے حوالے سے فاشسزم کے متعلق کہاکہ جب بین الاقوامی سطح پر مشہور ہستیوں نے کسانوں کے احتجاج میں حمایت کرتےہوئےٹیوٹ کیاتو اس کے مقابلے کے لئے  بھارت کی فلمی ہستیوں اور پوری کرکٹ ٹیم کو جواب دینےپر لگایاگیا دراصل  یہ فاشسزم کی کمزوری ہے جو اس طرح کی حرکتیں کررہی ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہاکہ دنیا میں نقصان یا بربادی برے لوگوں سے نہیں بلکہ اچھے لوگوں کی خاموشی سےہورہی ہے،  اس وقت  ملک میں سب سے زیادہ آبادی دلت، اقلیتی ، قبائلی اور دیگر پسماندہ طبقات کی ہے۔ اس کے باوجود ہم پر ظلم ہورہاہے۔ کیا اتنا سب کچھ ہونے پر بھی ہم بیدار نہیں ہونگے۔ اب بھی ہمارے پاس وقت ہے کہ بیدار ہوجائیں۔انہوں نے کرکٹ کی مثال پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی ہمارے پاس دو اوورس ہیں اور پچاس رن بنانے ہیں، اگر آج  ہم نے ان دو اووروں میں پچاس رن بنانے کی کوشش نہیں کی  تو پھر ایسا وقت آئے گا کہ  ہمیں ایک اوور میں چھ  چھکے لگانے  پڑیں گے اور اُس وقت چھ گیندوں پر چھ چھکے  لگانا ممکن نہیں ہوگا۔ پروگرام میں بنگلور سے تشریف فرما ایک کنڑا اخبار کے ایڈیٹر ڈاکٹر واسو نے گفتگو کرتے ہوئے میڈیا کی اہمیت اور اس کی ضرورت پر زور دیا اور  میڈیا قائم کرنے کا پورا خاکہ پیش کیا۔

مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے  مہمانوں کا استقبال اور تعارف پیش کیا، تنظیم صدر ایس ایم پرویز نے صدارت کی۔ اس موقع پر تنظیم کے انتظامیہ اراکین سمیت  بھٹکل و اطراف کے بعض اہم  ذمہ داران  بھی موجود تھے۔ 

 

میٹنگ کے اختتام کے بعد ساحل آن لائن سے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے   سشی کمار سینتھل اور ججگنیش میوانی نے کیا کہا،  پوری وڈیو  ریکارڈنگ  ذیل میں  دی جارہی ہے:

 

 


Share: